Qaumi Akhbar
Loading site
قومی اخبار
پیر 16 دسمبر 2019
LZ_SITE_TITLE
 
New World of Online News

پاکستان نے اخلاقی جنگ جیت لی

قومی نیوز جمعه 01 مارچ 2019
پاکستان نے اخلاقی جنگ جیت لی

کراچی…وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے امن اور جذبہ خیر سگالی کے تحت گرفتار بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو رہا کرنے کے اعلان کی بھارت سمیت دنیا بھر میں پذیرائی کی جارہی ہے۔

اس اقدام پر دشمن بھی پاکستانی وزیر اعظم کی تعریف کررہے ہیں اور ان کا کہنا کہ عمران خان کی اننگز کپتان کی اننگز ہے اور پاکستان نے اخلاقی جنگ جیت لی ہے، بھارتی پائلٹ کو اآج واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا

اس صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے بھارتی صحافی برکھا دت نے کہا کہ میرے خیال میںعمران خان کی طرف سے ابھی نندن کی رہائی کے خیرسگالی اقدام کی پزیرائی ہونی چاہیے کشیدگی کو کم کرنے کے دروازے کھل چکے ہیں، یہ وقت ان گونگے اور غیر ضروری خوشیوں کو غارت کرنے والے اینکرز کیلئے نہیں

صحافی نیدی ورما نے کہا کہ یہ عمران خان کی جانب سے فل ٹاس نو بال پر چھکا لگاکر میچ جیتنا ہوا ،

وزیراعظم کی سابقہ اہلیہ جمائمہ نے بھارتی پائلٹ کی رہائی کے اعلان کو سراہتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر تالیاں بجاتی ایموجی شیئر کی۔

یہ خبر بھی پڑھیں : امن کی خواہش ہے بھارت کمزور نہ سمجھے

بھارت کے سابق کرکٹر اور سیاست دان نوجوت سنگھ سدھو نے وزیر اعظم عمران خان کے اعلان پر خوشی کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ ہر بہترین عمل لوگوں کے دلوں میں اپنا راستہ خود بناتا ہے

عمران خان کا خیرسگالی کا اقدام ایک ارب لوگوں کی خوشی کا سبب بنا، میں (پائلٹ کے) والدین اور چاہنے والوںکی خوشی محسوس کرسکتا ہوں۔

بھارتی ٹی وی این ڈی ٹی وی کے مطابق عمران خان کے اعلان کے بعد بھارت میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور ملک بھر جشن منایا جارہا ہے ، پائلٹ کے والد نے اعلان کے بعد لوگوں کی حمایت اور نیک خواہشات پر انکا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ خدا کی نعمتوں کا شکر ہے کہ ابھی زندہ ہے۔

پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان معاملات بہتر کرنے کا موقع ہے،ونگ کمانڈر کو واپس سپرد کرنے کا فیصلہ عظیم خیر سگالی کا اقدام ہے۔

یہ اقدام اس وقت سامنے آ یا جب پاکستان اس کشیدہ صورت حال کومزید کشیدہ بناسکتا تھا، میری نظر میں اقدام مفاہمت کی علامت ہے ہماری قیادت کو مثبت جواب دینا چاہیے، عمران خان نے حقیقی سیاستدان کا کردار ادا کیا ہے۔

کشمیری حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ میں وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے گرفتار پائلٹ کی رہائی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ جنگ کے باد ل چھٹ جائیں گے اور مسئلہ کشمیر پر امن حل کی جانب بڑھے گا۔

بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ امریندر سنگھ نے کہا کہ ونگ کمانڈر ابھی نندن کی رہائی پر انہیں خوشی ہے ،میں نے پہلے بھی ان کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا یہ قدم خیر سگالی کی طرف جائے اور مجھے امید ہے کہ یہ خیر سگالی بعد میں بھی قائم رہے گی میں خود ابھے نندن کو لینے جاؤں گا۔

یہ خبر بھی پڑھیں : گرفتار بھارتی پائلٹ کو کل رہا کرنے کا اعلان

جنوبی ایشیائی امور کے ماہر مائیکل کگلمین نے کہا گرفتار بھارتی پائلٹ کی جلد رہائی کا اعلان کرکے عمران خان نے کشیدگی کم کرنے کی طرف راہ ہموار بنادی۔

برطانوی پارلیمنٹ کے سابق رکن جارج گیلووے کاکہنا ہے کہ عمران خان نے مثالی طریقے سے بھارت کے ساتھ موجودہ بحران کو ہنڈل کیا ، یہ کپتان کی اننگز ہے۔

بھارتی ٹی وی اینکر راجدیپ سردیسائی نے کہا کہ بھارت میں چاہے ہمیں پسند آ ئے یا نہیں لیکن اخلاقی اعتبار سے اس وقت جیت عمران خان کی ہے۔

بھارتی صحافی ادتیہ مینن نے کہا کہ پاکستانی اقدام کا سہرا بھارت میں کسی کے بھی سر نہیں جاتا ۔

معروف صحافی رفعت جاوید نے ٹویٹ کیا عمران خان نے بین الاقوامی سفارت کاری میں مودی کو مات دے دی، مودی ووٹ لینے میں مصروف ہیں لہٰذا وہ دہشت گردی کے متعلق اپنا کیس مضبوط نہیں بنا سکتے۔

دریں اثنا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ اور اپوزیشن کا شکر گزار ہوں، ایسا وقت جب بیرونی خطرات کا سامنا ہے پوری قوم متحدہے، وزیراعظم بننے کے بعد بھارت کو امن کا پیغام بھیجا لیکن اچھا جواب نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھارت میں الیکشن کی وجہ سے جنگی ماحول پیدا کر رکھا ہے، ہمیں خدشہ تھا کہ بھارت میں انتخابات سے پہلے کوئی نہ کوئی واقعہ ہوگا جسے الیکشن میں استعمال کیا جائے گا ۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کوئی ملک اجازت نہیں دیتا کہ اس کی خودمختاری کو چیلنج کیا جائے، میں نے کل شام کوشش کی کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو فون کروں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کشیدگی نہ بھارت کے فائدے میں ہے نہ پاکستان کے، ہم دنیا سے بات کر رہے ہیں کہ کشیدگی کم کرنے کے لئے کردار ادا کرے تاہم ہماری ان کوششوں کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس ملک کا ہیرو ٹیپو سلطان ہے، نریندر مودی کو پیغام دینا چاہتا ہوں کسی کو انتہا تک نہ لیکر جائیں، کل رات کو بھارت کی جانب سے پاکستان پر میزائل حملے کا خطرہ تھا تاہم وہ خطرہ بھی ٹل گیا لہذا ہندوستان کو کہہ رہا ہوں کہ اس کشیدگی کو آگے نہ لے کر جائیں ورنہ پھر پاکستان جواب دینے پر مجبور ہوگا، ہمیں یقین ہے کہ عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے گی۔

وزیراعظم نے گرفتار کئے گئے بھارتی پائلٹ ابھے نندن کو رہا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی پائلٹ کو جذبہ امن کے تحت رہا کر رہے ہیں۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتاربھارتی پائلٹ ابھے نندن کو واہگہ بارڈرپر بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا ۔ اس حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان میں تعینات بھارتی ایئر اتاشی بھی اپنے پائلٹ کے ہمراہ بھارت جائیں گے۔

(998 بار دیکھا گیا)

تبصرے