Qaumi Akhbar
Loading site
قومی اخبار
جمعه 18 اکتوبر 2019
LZ_SITE_TITLE
 
New World of Online News

آسکر ایوارڈ حاصل کرنا میری زندگی کا ایک خواب ہے

قومی نیوز اتوار 24 فروری 2019
آسکر ایوارڈ حاصل کرنا میری زندگی کا ایک خواب ہے

اداکارہ صباء قمر نے کہا ہے کہ آسکر ایوارڈ حاصل کرنا میری زندگی کا ایک خواب ہے اور میں نے اسکو حاصل کرنے کا عزم کررکھا ہے ، مجھے یقین ہے کہ ایک دن میں اپنے فن کے ذریعے اس ایوارڈ کو حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاؤں گی۔ انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہاکہ میں شوبز کی دنیا میں ماڈلنگ کے ذریعے داخل ہوئی اور پھر ٹی وی ڈراموں کا حصہ بن گئی جبکہ فلم میں بھی کام کیا، خدا کی ذات نے اس طرح سے نوازا جس کا میرے ذہن میں تصور بھی نہیں تھا۔ صباء قمر نے کہا کہ آسکر ایوارڈ حاصل کرنا دنیا کے ہر فنکار کی خواہش ہوتی ہے اور میرے دل میں بھی یہ خواہش ہے کہ دنیا کا یہ بڑا ایوارڈ اپنے نام کروں۔ اگر آپ میں لگن اور جنون ہو تو کوئی چیز ناممکن نہیں رہتی۔ ہماری شرمین عبید چنائے اگر آسکر ایوارڈ جیت سکتی ہے تو باقی لوگ کیوں نہیں اس کو حاصل کر سکتے ،صرف اس کے لئے آپ کو جنون کی ضرورت ہے۔میں ایک دن اپنے مقصد میں ضرور کامیاب ہوں گی۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ فنکار سفیر کی طرح ہوتے ہیں جو اپنے فن کے ذریعے ملک وقوم کی نمائندگی کرتے ہیں‘بھارت میں پاکستانی ٹی وی ڈرامے پہلے ہی مقبول تھے مگر پاکستانی ڈراموں کا باقاعدہ چینل کھلنے کے بعد اس کی مقبولیت اور زیادہ بڑھ گئی جس کا فائدہ پاکستانی فنکاروں کو ہورہا ہے‘ اسی لیے بالی وڈ ڈائریکٹر اور پروڈیوسر پاکستانی فنکاروں کو اچھے پروجیکٹس میں لے رہے ہیں۔ صبا قمر نے مزید کہا کہ بالی وڈ انڈسٹری انٹرنیشنل مارکیٹ میں چھائی ہوئی ہے،ہالی وڈ کے معروف فلمی ادارے بولی وڈ میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ میری Debut فلم کے ڈائریکٹر سکیت چوہدری ہیں جواس سے قبل ’’شادی کے سائیڈ افیکٹ ‘‘ ، ’’پیار کے سائیڈ افیکٹ ‘‘ جیسی فلمیں بنا چکے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے کہا کہ ایکتا کپور نے رندیپ ہودا کے ساتھ فلم کی آفر کی توانکار کردیا‘ میرے لیے پہلی ترجیح اپنی فلم انڈسٹری ہے ،اسی لیے بالی وڈ آفرز کا نوٹس نہیں لیا۔انہوں نے کہا کہ ہماری انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں بہت توانائی ہے جسے مزید بہتر کیاجاسکتا ہے۔ یاد رہے کہ شوخ اورچنچل صبا قمر کی اداکاری کے لاکھوں دیوانے ہیں۔ اداکارہ صباقمر نے فنی سفر کا آغاز ٹی وی سیریز’’میں عورت ہوں‘‘ سے کیا اور پھر اداکارہ نے پیچھے مڑ کر نہ دیکھا‘ اپنی اداکاری سے لاکھوں مداح بنالیے۔ آئینہ، منٹو، لاہور سے آگے صبا قمر کی مشہور پاکستانی فلمیں ہیں۔ اداکارہ نے بالی وڈ میں ڈیبیو فلم’’ہندی میڈیم’’سے کیا، اس فلم کو پوری دنیا میں پذیرائی ملی۔ صباقمر لکس اسٹائل، ہم اور فلم فئیر ایوارڈ اپنے نام کر چکی ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اداکارہ صبا قمر نامور ہالی ووڈ اداکار بین افلیک کے ساتھ فلم میں جلوہ گر ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم کے حوالے سے ابھی کچھ نہیں کہنا چاہتیں، وقت آنے پرسب پتا چل جائے گا۔

(259 بار دیکھا گیا)

تبصرے