Qaumi Akhbar
Loading site
قومی اخبار
بدھ 21  اگست 2019
LZ_SITE_TITLE
 
New World of Online News

سارہ کا ٹائیگر کو کرارا جواب

ویب ڈیسک هفته 16 فروری 2019
سارہ کا ٹائیگر کو کرارا جواب

بالی ووڈ اداکارہ سارہ علی خان نے اداکار ٹائیگر شروف کے ساتھ فلم ’’باغی 3‘‘ میں کام کرنے سے انکارکردیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ’’باغی‘‘ سیریز کی تیسری فلم ’’ باغی 3 ‘‘ کے لیے اداکار ٹائیگر شروف کے ساتھ مرکزی کردار کے لیے سارہ علی خان کے نام پرغور کیا جارہا تھا تاہم سارہ علی خان نے فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا۔ سارہ کے انکار کی وجہ بتاتے ہوئے کہا جارہا ہے کہ فلم میں ان کے سین ٹائیگر شروف کے مقابلے میں کم تھے لہٰذا وہ اسکرین پر کم نظر آتیں اور فلم ’’کیدارناتھ‘‘ اور’’سمبا‘‘ کے بعد سارہ کسی ایسی فلم کے انتظار میں ہیں جہاں ان کے کردارکی اہمیت بھی ہیرو کے کردارکے برابر ہو، یہی وجہ ہے کہ سارہ نے ’’باغی 3‘‘ میں کام کرنے سے انکار کردیا۔ واضح رہے کہ باغی سیریز کی پہلی دونوں فلموں’’باغی‘‘ اور’’باغی 2‘‘ میں ٹائیگر شروف نے مرکزی کردارادا کیا تھا تاہم پہلی فلم میں ان کے ساتھ اداکارہ شردھا کپور اوردوسری میں دیشا پٹانی نظر آئی تھیں یہ دونوں فلمیں باکس آفس پر شاندار بزنس کرنے میں کامیاب ہوئی تھیں۔دوسری جانب ’’باغی 2‘‘ میں ایکشن سے بھرپور مناظر فلمانے پر ٹائیگر شروف پر ہر جانب سے تعریفوں کے ڈونگرے برسائے جارہے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ فلم میں ایسے مناظر بھی شامل ہیں جن میں ناصرف براہ راست کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو طاقت سے کچلنے کے عمل کو جائز قرار دیا گیا ہے بلکہ اسے سراہا بھی گیا ہے اور اس کے باوجود پاکستان کے سینما گھروں میں فلم کی نمائش بھی جاری ہے۔
بھارتی فلمساز اپنی فلموں میں پاکستان، کشمیر اور مسلمان مخالف مواد شامل کرنا باعث اعزاز سمجھتے ہیں ان کا ماننا ہے کہ پاکستان اور مسلمان مخالف مواد دکھا کر ان کی فلمیں باکس آفس پر زیادہ بزنس کریں گی۔
اس کا مظاہرہ حال ہی میں’’باغی2‘‘ بھی میں دیکھنے میں آیا۔باکس آفس پر دھوم مچانے والی فلم’’ باغی2‘‘ میں گزشتہ برس کشمیر میں پیش آنے والے ایک حقیقی واقعے کو دہرایا گیا ہے۔ اپریل 2017 میں ایک ویڈیو بہت زیادہ وائرل ہوئی تھی جس میں بھارتی فوجی نتن لیتول گوگوئی نے ظلم و بربریت کی انتہا کرتے ہوئے ایک کشمیری نوجوان کو اپنی جیپ کے آگے باندھ کر وادی میں گھمایا تھا اور اپنے اس انسانیت سوز سلوک کی وجہ یہ دی تھی کہ اس نے ایسا کشمیریوں کے پتھراؤسے بچنے کیلئے کیا ہے۔ گوگوئی کے اس اقدام پر سوشل میڈیا پر اسے کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اور اب ’’باغی2‘‘میں انسانیت سے عاری بھارتی فوج کے اس اقدام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اسی واقعے کو دہرایا گیا ہے۔ ٹائیگر شروف فلم میں بھارتی فوجی بنے ہیں اور ایک کشمیری نوجوان کو جیپ پر باندھ کرعلاقے میں گھمارہے ہیں۔ ہدایت کار اور ٹائیگر شروف کی اس حرکت کی دیگر لوگوں کے ساتھ خود بھارتی تجزیہ نگاروں نے بھی مخالفت کی ہے۔ فلمی تجزیہ نگار راجا سین کا کہنا ہے کہ انہیں بھارتی سینماسے اسی چیز کی امید تھی لیکن ٹائیگر شروف کیسے یہ غیر انسانی سلوک کرسکتے ہیں۔ اشوک نامی بھارتی پروفیسر نے کہا کہ بالی ووڈ صرف اخلاقی اور ذہنی طور پر پسماندہ نہیں ہے بلکہ اس میں انسانیت اور شرافت کی کمی بھی بے حد کمی ہے۔

(245 بار دیکھا گیا)

تبصرے