Qaumi Akhbar
Loading site
قومی اخبار
اتوار 08 دسمبر 2019
LZ_SITE_TITLE
 
New World of Online News

کراچی سمیت سندھ بھر میں پھر گیس بحران نے سراٹھالیا

قومی نیوز هفته 22 دسمبر 2018
کراچی سمیت سندھ بھر میں پھر گیس بحران نے سراٹھالیا

کراچی …کراچی سمیت سندھ بھر میں ایک بار پھر گیس بحران نے سراٹھالیا،سی این جی اسٹیشنز 36گھنٹوں کے لئے بند کردئیے گئے جس کے باعث شہریوں کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہوگیا۔دوسری جانب گھروں‘ ہوٹلوں‘ ریستورانوں میں بھی گیس کی سپلائی شدید متاثر ہوئی۔ لانڈھی‘ ملیر‘ گلستان جوہر‘ گذری‘ میٹروول‘ لیاقت آباد‘ ایف بی ایریا‘ گلشن اقبال‘ شاہ فیصل کالونی‘ ماڈل کالونی‘ رنچھوڑ لائن‘ ریلوے کالونی اور لیاری سمیت کراچی کے بیشتر علاقوں میں گھروں میں گیس کی فراہمی میں شدید تعطل پیدا ہوگیا ہے۔ دن اور رات کے اوقات میں کئی کئی گھنٹے تک گیس بند یا پریشر میں شدید کمی واقع ہوجاتی ہے۔ گیس کی طویل لوڈشیڈنگ اور پریشر بہت کم ہونے کی وجہ سے کھانا پکانا بھی انتہائی دشوار ہوگیا ہے۔خواتین خانہ کو کھانا پکانے کی اور دیگر چیزوں کی مدد سے چولہا جلانے کے لئے سو سو جتن کرنا پڑرہے ہیں۔ لکڑی کے تندوروں اور ایل پی جی پر کھانا تیار کرنے والے ہوٹلوں پر روٹی اور کھانا خریدنے کیلئے لوگوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ سی این جی کی بندش سے ایک بارپھر سڑکوں سے پبلک ٹرانسپورٹ کی قلت ہوگئی۔ سوئی سدرن حکام کے مطابق سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز کو جمعہ کی رات 8 بجے سے گیس کی فراہمی بند کردی گئی جو اتوار کی صبح 8 بجے بحال کی جائے گی۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق فیلڈز سے گیس کے پریشر میں کمی آگئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کمرشل سیکٹر اور گھریلو صارفین کو گیس فراہم کرنے میں مشکل کا سامنا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت اور سوئی سدرن گیس کمپنی کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے صنعتی علاقوں اور سی این جی اسٹیشنز کے اطراف کی آبادیوں کو زیادہ پریشانی اٹھانا پڑ رہی ہے۔ صارفین لکڑیاں جلانے پر مجبور ہیں۔ فیکٹریوں کو ترجیح دینے کی پالیسی موجودہ بحران کی وجہ بنی۔ دوسری جانب سی این جی فلنگ اسٹیشنز، شادی ہالوں اور فوڈ اسٹریٹ کے اطراف کے علاقوں میں گیس کا پریشر کم ہونے کی وجہ سے شہری شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ جمعہ کے روز شہر کے مختلف علاقوں کے رہائشیوں سے کھانے بنانے کے اوقات میں گیس بندش کی شکایات موصول ہوئی ہیں، جن میں کورنگی اور سائٹ انڈسٹریل ایریا کے اطراف کے علاقوں کے مکینوں نے شکایت کی، ان کے علاقوں میں گیس بالکل ہی بند ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اولڈ سٹی ایریا، شیرشاہ، بلدیہ، بنارس، کورنگی ودیگر علاقوں میں گیس پریشر میں حد درجہ کمی کا سامنا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ بڑی تعداد میں شہریوں نے چولہے میں گیس نہ ہونے پر لکڑیوں پر کھانا بنانا شروع کر دیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ گیس پریشر میں کمی کی وجہ سے اولڈ سٹی ایریا، بلدیہ، شیرشاہ، گارڈن، صدر، کورنگی، اورنگی، بنارس، قائد آباد، لانڈھی، نارتھ کراچی، نیو کراچی سمیت پوش علاقوں پی ای سی ایچ ایس، گلشن اقبال، گلستان جوہر ودیگر شامل ہیں۔

(299 بار دیکھا گیا)

تبصرے