Qaumi Akhbar
Loading site
قومی اخبار
منگل 10 دسمبر 2019
LZ_SITE_TITLE
 
New World of Online News

سندھ پولیس جرائم پیشہ افراد کی ’’بلیک بک‘‘ بنائے گی

قومی نیوز جمعه 21 دسمبر 2018
سندھ پولیس جرائم پیشہ افراد کی ’’بلیک بک‘‘ بنائے گی

کراچی…. سندھ پولیس نے پنجاب پولیس کی طرز پر جرائم پیشہ افراد کی ’’بلیک بک‘‘ بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کی باضابطہ طور پر منظوری بھی دے دی گئی ہے ‘ بلیک بک میں اغواء برائے تاوان‘ گینگ وار‘ خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزمان‘ سندھ کے کچے کے علاقے کے ڈاکوئوں اور دیگر ملزمان کو شامل کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس نے پنجاب پولیس کی طرز پر جرائم پیشہ افراد کی ’’بلیک بک‘‘ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے قبل اس قسم کی بک صرف صوبہ پنجاب میں بنتی تھی جبکہ سندھ میں کائونٹرٹیررازم ڈپارٹمنٹ دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ملزمان کی ریڈ بک بناتا ہے۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ بلیک بک میں ایسے جرائم پیشہ افراد کو شامل کیا جائے گا جن کے سروں کی قیمت مقرر ہو لیکن وہ انسداد دہشت گردی کے مقدمے میں مطلوب نہ ہوں کیونکہ ایسے ملزمان صرف ریڈ بک کا ہی حصہ بنتے ہیں۔ اس کے علاوہ اغواء برائے تاوان‘ گینگ وار‘ بچوں سے بدفعلی اور خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزمان بھی بلیک بک میں شامل ہوں گے‘ جبکہ سندھ کے کچے کے علاقے کے ڈاکوئوں کو بھی بلیک بک کا حصہ بنایا جائے گا۔ راہزنوں کو بھی بلیک بک میں شامل کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرون ملک چھٹیوں پر جانے سے قبل آئی جی سندھ سید کلیم امام اس کی منظوری دے چکے ہیں جبکہ اے آئی جی آپریشنز کو ٹاسک دے دیا گیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات جلد از جلد کریں۔ ذرائع نے مزید دعویٰ کیا ہے کہ ٹاسک ملنے کے بعد اے آئی جی آپریشنز نے کراچی سمیت پورے سندھ کے ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز کو خطوط روانہ کردیئے ہیں اور ایسے تمام ملزمان کی تفصیلات طلب کرلی ہیں جنہیں بلیک بک میں شامل کیا جائے گا۔

(310 بار دیکھا گیا)

تبصرے