Qaumi Akhbar
Loading site
قومی اخبار
منگل 11 دسمبر 2018
LZ_SITE_TITLE
 
New World of Online News

جوڑیا بازار‘جونا مارکیٹ سےتجاوزات ختم ، تنگ گلیاں کشادہ

ویب ڈیسک منگل 04 دسمبر 2018
جوڑیا بازار‘جونا مارکیٹ سےتجاوزات ختم ، تنگ گلیاں کشادہ

کراچی۔۔۔۔تجاوزات کے خلاف پیر کو 29 ویں دن جوڑیا بازار اور جونا مارکیٹ کے اطراف کی انتہائی تنگ گلیوں میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے بھرپور کارروائی کرکے دکانوں کے آگے بڑھے ہوئے اضافی حصوں اور فٹ پاتھوں پر قائم بے شمار تجاوزات کو مسمار کردیا، کارروائی میں چھوٹی اور بڑی مشینری کے ذریعے انسداد تجاوزات ٹیم نے انتہائی تنگ گلیوں میں تجاوزات صاف کرتے ہوئے گلیوں کے آگے تک اپنی رسائی کو ممکن بنایا جبکہ ترازو گلی اور پھول چوک پر قائم صرافہ مارکیٹ کے دکانداروں کو ایک دن کا مزید وقت دے دیا گیا تاکہ وہ اپنے بقیہ سامان کو منتقل کرسکیں، تمام تر کارروائی میں دکانوں کی اصل حدود اور ان کے اندر رکھے گئے سامان کو مکمل طور پر حفوظ رکھا گیا ، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے پیر کو ہونے والی کارروائی کے حوالے سے بتایا کہ علاقے کے دکانداروں کو چند دن قبل ہی بینرز اور اعلانات کے ذریعے آگاہ کردیا گیا تھا کہ وہ اپنے تجاوزات ازخود صاف کردیں کئی دکانداروں نے تعاون کرتے ہوئے نہ صرف فٹ پاتھوں پر بنائے گئے اور رکھے گئے تجاوزات کو ہٹا دیا بلکہ اپنی دکانوں کے ان بے ہنگم اور بڑے بڑے چھجوں کو بھی ہٹا دیا جو فٹ پاتھوں کے بہت آگے تک نکلے ہوئے تھے انہوں نے کہا کہ پیر کو اولڈ سٹی ایریا کے علاقے جونا مارکیٹ ، جوڑیا بازار اور نگار سینما کے اطراف تجاوزات ہٹائے گئے ، یہاں کھویا گلی، کھجور مارکیٹ، جھاڑو گلی، برتن گلی اور دیگر مقامات سے تجاوزات کو مسمار کردیا گیا، انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ جونا مارکیٹ کے اطراف تمام گلیوں کو شام تک تجاوزات سے صاف کردیا جائے اور اگر یہ مرحلہ مزید آگے بڑھا تو آج منگل کو بھی اسی علاقے کی مختلف گلیوں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جار ی رکھا جائے گا۔ بعدازاں اس سے آگے کے علاقے کا رخ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جن دکانداروں نے اپنا سامان منتقل کرنے کے لئے مہلت مانگی‘ انہیں مزید ایک دن کا وقت دے دیا گیا ہے کیونکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کسی کا نقصان نہیں چاہتی۔ انہوں نے کہا کہ جن دکانداروں نے اپنی دکانوں کے اوپر چھجے بنا کر مزید دکانیں بنا لی ہیں یا اپنی دکانوں کے اگلے حصے کو آگے تک بڑھالیا ہے وہ انہیں خود صاف کردیں وگرنہ کسی بھی قسم کے نقصان کے ذمہ دار وہ خود ہوں گے، جو لوگ دکانوں کے آگے مزید دکانیں بنا کر کرائے پر دے رہے ہیں ان سب کے خلاف کارروائی کی جائے گی، جن تجاوزات کو ہٹایا گیا ہے بعد میں اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ان مقامات پر دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہونے پائیں جس کے لئے مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دی جائیں گی اور کیمپس بھی بنائے جائیں گے،سپریم کوٹ کے احکامات پر بلدیہ عظمیٰ کراچی دیگر شہری محکموں کے ہمراہ مل کر تجاوزات کو ہٹانے کاعمل جاری رکھے ہوئے ہے، انتہائی تنگ گلیوں کو تجاوزات سے صاف کرنے کے بعد کشادہ اور وسیع کردیا گیا ہے،دریں اثناء سینئر ڈائریکٹر محکمہ انسداد تجاوزات بشیر صدیقی نے بتایا کہ ضلع کورنگی میں شاہ فیصل کالونی کے مختلف حصوں میں تجاوزات کے خلاف کارروائی جاری ہے جبکہ ضلع وسطی میں نارتھ ناظم آباد کے مقام پر ایک بھرپور آپریشن کے ذریعے بلاکA ، بارہ دری پارک میں قائم بارہ دری شادی لان کو مسمار کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کے مختلف مقامات پر تجاوزات کے خلاف کارروائی مستقل طور پر جاری ہے۔

(135 بار دیکھا گیا)

تبصرے

مزید خبریں