Qaumi Akhbar
Loading site
قومی اخبار
منگل 22 اکتوبر 2019
LZ_SITE_TITLE
 
New World of Online News

خوبصورت و تاریخی گاڑیوں کی ریلی

قومی نیوز اتوار 02 دسمبر 2018
خوبصورت و تاریخی گاڑیوں کی ریلی

کراچی ۔۔۔۔۔۔ونٹیج اینڈ کلاسک کار کلب آف پاکستان کی نویں کار ریلی کا سندھ گورنر ہاؤس سے آغاز کیا گیا۔ خوبصورت و تاریخی گاڑیوں کی ریلی نے گورنر سندھ کی موجودگی میں جب سفر کا آغاز کیا تو دو گاڑیاں لوگوں کی توجہ کا خاص مرکز رہیں جس میں سے پہلی گاڑی 1947 کی مشہور زمانہ رولس رائز تھی جو کہ ملکہ برطانیہ کی جانب سے قائد اعظم کو بطور تحفہ دی گئی تھی اور قائد کی زندگی کے آخری ایام تک وہ ان کے زیر استعمال رہی۔ مرکز ی نگاہ بننے والی دوسری گاڑی 1924 کی رولس رائز تھی جس میں بیٹھ کر قائد اعظم پاکستان کے پہلے گورنر جنرل کا حلف اٹھانے آئے تھے۔گاڑیوں کے کارواں میں 1965 کی فورٹ مستنگ، 1954 کی آسٹنگ اور 1968 کی فورڈ سمیت دیگر کئی نادر و نایاب گاڑیاں بھی شامل تھیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ کار ریلی کا انعقاد دراصل نوجوان نسل کو ان تاریخی اشیا سے متعارف کروانا تھا جو بانی پاکستان کے زیر استعمال رہیں اور جن کو آج قومی ورثے کا درجہ حاصل ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پرانی اور کلاسک گاڑیوں کے تحفظ کا رجحان سیاحوں کو اپنی طرف مائل کرنے میں اہم ثابت ہوگا۔ ونٹیج اینڈ کلاسک کار کلب کے بانی و چیئرمین محسن اکرام نے کہا کہ کلب کے پلیٹ فارم سے گزشتہ پندرہ سال سے ملک بھر میں کار ریلیوں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی گاڑیوں کی ریلی کے انعقاد سے بین الصوبائی ہم آہنگی اور تاریخی ورثے کی اہمیت اجاگر کرنے میں مدد ملے گی اور جس کے تحت پاکستان کا روشن پہلو دیگر اقوام تک پہنچایا جاسکے گا۔ اکرام محسن کے مطابق منعقد کردہ کار ریلی اپنی طرز کی منفرد کار ریلی ہے جس میں کم و بیش چالیس مختلف اقسام کی نادر و نایاب گاڑیاں حصہ لے رہی ہیں۔ انہوں نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کار ریلی کا آغاز گورنر ہا ئوس کی تاریخی بلڈنگ سے گورنر کی بدولت ہی ممکن ہو سکا ہے۔ اس موقع پر موجود امریکی قونصل جنرل JoAnne Wagner نے ریلی کے انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔

(367 بار دیکھا گیا)

تبصرے