یوٹیلٹی اسٹورز پر سستے رمضان پیکج کا حکومتی دعویٰ مذاق بن گیا

ماہ رمضان کے دوران یوٹیلٹی اسٹورز پر سستے رمضان پیکج کا حکومتی دعویٰ شہریوں کے لیے مذاق بن کر رہ گیا ہے۔

رمضان میں  زیادہ تر شہروں میں شہری شدید گرمی اور روزے کی حالت میں گھنٹوں لائن لگا کر خریداری کرنے پر مجبور ہیں۔

دوسری جانب ملک بھر کے مختلف شہروں میں رمضان المبارک کے مہینے کی آمد کے ساتھ ہی سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں آسمان تک جا پہنچی ہیں، ساتھ ہی  ذخیرہ اندوز من مانی قیمت مقرر کرکے عوام کو لوٹ رہے ہیں۔

جیکب آباد میں ذخیرہ اندوزی کی وجہ سے ماہ رمضان کے شروع ہوتے ہی اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کو پَر لگ گئے ہیں، مختلف بازاروں میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کر دیاگیا ہے۔

جیکب آباد میں  سیب 250 روپے کلو، تربوز 100 روپے فی کلو  اور کیلا 100روپے فی درجن میں فروخت کیا جا رہا ہے، اسی طرح افطار کے اوقات استعمال ہونے والی کھجور  بھی 100 سے بڑھ 250 روپے فی کلو میں فروخت کی جا رہی ہے۔

سبزیوں میں بھنڈی 220 روپے فی کلو، مٹر 160روپے فی کلو جبکہ ٹماٹر 80 روپے سے بڑھا کر 140روپے فی کلو فروخت کیے جا رہے ہیں جس پر عوام ہمیشہ کی طرح شکایات کرتے دکھائی دے رہے ہیں ۔

شہریوں نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مصنوعی مہنگائی پر کنٹرول کیا جائے تاکہ عوام کو رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں سستے داموں چیزوں کی فراہمی کو یقینی بنائی جا سکے۔

دوسری جانب  مہنگی اشیائے ضروریہ کی فروخت کے حوالے سے   دکانداروں کا کہنا ہے اگر مارکیٹ سے اشیاء سستی ملے گی تب جا کر عوام کو سستا بیچنا ممکن ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*