کراچی میں سمندری طوفان کے خطرات ٹل گئے، فاصلہ 230 کلومیٹر ہوگیا

 کراچی: محکمہ موسمیات نے شمال مشرقی بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان اسنیٰ کے حوالے سے 7 واں الرٹ جاری کردیا۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ سندھ کے ساحل سے شمال مشرقی بحیرہ عرب پر آنے والا سمندری طوفان اسنیٰ مغرب کی طرف بڑھ گیا ہے، جس کے بعد اس کا کراچی سے فاصلہ تقریبا 230 کلومیٹر ہوگیا ہے جبکہ ٹھٹھہ سے 180 کلومیٹر ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے ساحلی مقام اورماڑہ سے طوفان کا فاصلہ 250 کلومیٹر جبکہ گوادر سے 440 کلومیٹر ہے۔ سمندری غیرمعمولی سرگرمی ابتداء میں مغرب/ شمال مغرب اور پھر مغرب/جنوب مغرب کی جانب بڑھنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کے ممکنہ اثرات کے باعث کراچی ڈویژن، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، حیدرآباد، ٹی ایم خان، ٹی اے یار، مٹیاری، جامشورو اور 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

سندھ کے اضلاع دادو میں 31 اگست تک جبکہ بلوچستان کے حب، لسبیلہ، آواران، کیچ اور گوادر اضلاع میں ایک ستمبر تک بارش کا امکان ہے۔ شدید بارشوں سے مکران کے ساحلی علاقوں میں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کے ساتھ سمندر بہت زیادہ ناہموار رہنے کا امکان ہے جس کے باعث سندھ اور بلوچستان کے ماہی گیروں کو یکم ستمبر تک سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ پی ایم ڈی کا سائیکلون وارننگ سینٹر، کراچی اس کی قریب سے نگرانی کر رہا ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*