لندن: حال میں ٹوئٹر خریدنے والے دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بحال کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق لندن میں ورچوئل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایلون مسک نے کہا کہ ٹوئٹر کا سابق امریکی صدر پر پابندی لگانے کا اقدام ’اخلاقی طور پر غلط اور انتہائی احمقانہ تھا‘۔
ٹوئٹر کے نئے سربراہ ایلون مسک نے کہا کہ میرے خیال میں سابق امریکی صدر پر پابندی لگانا درست نہیں تھا۔
خیال رہے کہ ٹوئٹر انتظامیہ نے وائٹ ہاؤس میں ہونے والے فسادات کے بعدسابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر جنوری 2021 میں پابندی عائد کردی تھی۔
اس سے قبل گزشتہ ماہ اپریل کے اختتام پر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ ٹوئٹر پر ان کا اکاؤنٹ بحال بھی کر دیا جاتا ہے تو بھی وہ واپس نہیں آئیں گے۔
واضح رہے کہ ایلون مسک نے دنیا کے اولین مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم کو 54 ڈالر 20 سینٹ فی شیئرز کے حساب سے خریدنے کا معاہدہ کیا تھا، مجموعی طور یہ رقم 44 ارب ڈالر بنتی ہے جو کہ دنیا کے کئی ممالک کے سالانہ بجٹ سے بھی کئی گنا زیادہ ہے۔