مسلمانوں کے لیے زہر اگلتی بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کے رہنما رگھووندر سنگھ نے اب کھلے عام مسلمانوں کو دھمکی دی ہے۔
بھارتی ریاست اترپردیش میں انتخابات کے موقع پر عوام سے خطاب کے دوران رگھووندر سنگھ نے مسلمانوں کے خلاف اپنی نفرت کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر میں دوبارہ منتخب ہوا تو مسلمانوں کو ٹوپی اتار کر ماتھے پر تِلک لگانے پر مجبور کردوں گا۔
بھارتی سیاستدان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
بعدازاں انہوں نے ٹی وی پر دیے گئے انٹرویو میں اپنی بات دہرائی اور تصدیق کی کہ انہوں نے ایسا کہا تھا۔
ہماری حکومت میں مسلم لڑکیاں زیادہ محفوظ محسوس کررہی ہیں: مودی
دوسری جانب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے دورِ حکومت میں مسلمان لڑکیاں زیادہ محفوظ محسوس کررہی ہیں۔
اتر پردیش کے شہر کانپور میں ریلی سے خطاب میں نریندر مودی نے کہا کہ ریاست میں اب بڑی تعداد میں مسلم لڑکیاں اسکول اور کالج جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ ان دنوں بھارت میں تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی نے عالمی دنیا کی توجہ اپنی طرف مبذول کروا رکھی ہے، حجاب کے تنازع پر عالمی ہنگامہ آرائی پر بھارت نے امریکا کو خبردار کیا کہ بھارت کے اندرونی مسائل پر اشتعال انگیز تبصرے خوش آئند نہیں ہیں۔