یومِ شہادتِ حضرت علی کرم اللّٰہ وجہہ کے موقع پر ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس نکالے جا رہے ہیں اور مجالسِ عزا برپا کی جا رہی ہیں۔
ملتان میں جلوس رواں دواں
جنوبی پنجاب کے شہر ملتان میں یومِ شہادتِ حضرت علی کرم اللّٰہ وجہہ کے موقع پر علم اور ذوالجناح کا مرکزی جلوس چاہ بوہڑ والا سے برآمد ہو گیا۔
جلوس دوپہر 2 بجے امام بارگاہ کاشانۂ شبیر لال کرتی پر اختتام پزیر ہو گا۔
سی پی او ملتان خرم شہزاد حیدر کے مطابق ضلع بھر میں 15 ماتمی جلوس اور 15 مجالسِ عزا ہوں گی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جلوس کے راستوں پر موبائل سروس بند ہے، جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی پر 1870 پولیس اہلکار تعینات ہیں۔
کمالیہ میں جلوس برآمد
کمالیہ میں یومِ شہادتِ حضرت علی کرم اللّٰہ وجہہ کا مرکزی جلوس برآمد ہو گیا۔
یہ جلوس اپنے مقررہ راستوں سے گزر کر مرکزی امام بارگاہ میں پہنچ کر اختتام پزیر ہو گا۔
کراچی میں جلوس کب برآمد ہوگا؟
کراچی میں آج یومِ شہادتِ حضرت علی ؓ کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو گا۔
نشتر پارک میں مرکزی مجلس سے علامہ امین شہیدی خطاب کریں گے، مجلس ختم ہونے کے بعد یومِ علیؓ کا جلوس دوپہر ایک بجے برآمد ہو گا۔
جلوس کے شرکاء ایم اے جناح روڈ پر نمازِ ظہرین ادا کریں گے۔
جلوس روایتی راستوں سے گزرتا ہوا کھارادر حسینیاں ایرانیاں امام بارگاہ پر ختم ہو گا۔
مجلس و جلوس کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جلوس کی طرف آنے والی سڑکوں اور گلیوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ہے۔
جلوس کی گزر گاہ پر سیکیورٹی کے لیے پولیس اور رینجرز کے اہلکار تعینات ہوں گے۔
کراچی ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق متبادل راستوں پر شہریوں کی رہنمائی کے لیے ٹریفک پولیس کے اہلکار موجود ہوں گے۔
لاہور میں سیکیورٹی انتظامات
لاہور میں یومِ شہادتِ حضرت علیؓ کے موقع پر جلوسوں، مجالس اور امام بارگاہوں کوسیکیورٹی دی جا رہی ہے۔
سی سی پی او لاہور کے مطابق شہر بھر میں اس سلسلے میں 5 ہزار سے زائد افسران اور جوان تعینات ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کنٹرول رومز سے جلوسوں کی سی سی ٹی وی مانیٹرنگ جاری ہے۔
بہاولپور میں جلوس 2 بجے برآمد ہو گا
بہاولپور میں یومِ شہادتِ حضرت علی ؓکا مرکزی جلوس دامن شاہ بازار سے دوپہر 2 بجے برآمد ہو گا۔
پولیس کی جانب سے جلوس کی سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔