امریکی ادویہ ساز ادارے فائزر نے کورونا کے نئے ویریئنٹ اومیکرون کے لیے خصوصی ویکسین کی آزمائش شروع کردی ہے۔
وائس آف امریکا کے مطابق فارما سیوٹیکل کمپنی فائزر نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے کووڈ19 ویکسین کے نئے ورژن کے کلینیکل ٹرائلز کا آغاز کردیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جرمن کمپنی بایو این ٹیک کے اشتراک سے بننے والی نئی ویکسین کو خصوصی طور پر اومیکرون ویریئنٹ سے تحفظ کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
اس مشترکہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کلینیکل ٹرائلز میں 18 سے 55 سال کی عمر کے 14 سو سے زائد رضاکاروں پر اس نئی ویکسین کی جانچ کی جائے گی۔
ریسرچرز ان رضا کاروں کو تین گروپس میں تقسیم کریں گے۔ پہلے گروپ میں شامل رضاکار جو پہلے ہی ویکسین کی دو خوارک لے چکے ہیں انہیں نئی مخصوص اومیکرون ویکسین کی ایک یا دو خوراکیں دی جائے گی۔
دوسرے گروپ میں ان رضا کاروں کو رکھا گیا ہے جو پہلے سے موجود ویکسین کی دو خوراکوں کے ساتھ اوریجنل بوسٹر بھی لگوا چکے ہیں، انہیں پرانی یا نظرثانی شدہ ویکسین کی ایک خوراک دی جائے گی۔
تیسرے گروپ میں ایسے رضاکاروں کو شامل کیا گیا ہے جنہوں نے ابھی تک کورونا ویکسین کی ایک بھی خوراک نہیں لی ہے، ان افراد کو تینوں خوراک مخصوص اومیکرون کے لیے بننے والی ویکسین کی دی جائے گی۔
ان کلینیکل ٹرائلز کی بنیاد پر اومیکرون ویکسین کو عام افراد کے استعمال کے لیے پیش کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔