وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کا بیٹا 17 سال میں ارب پتی کیسے بن گیا، طریقہ بتائیں چپڑاسی کو ارب پتی کیسے بناتے ہیں۔
شہباز گل نے فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل بلاول، شہباز، مریم ایک ہی فریم میں نظر آئے، خواجہ سعد رفیق کو فریم سے نکال دیا گیا، یہ پرائیوٹ لمیٹڈ پارٹیاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کل دونوں خاندانوں نے مل کر لوٹنے کا وعدہ کیا، ملک مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں چار ارب ڈال دیے گئے، دونوں خاندانوں نے جتنی غریبوں کی مدد کی اتنی ہم نہیں کرسکتے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم تو تنخواہ بڑھانے کی بات کرسکتے ہیں، صحت کارڈ دے سکتے ہیں، غریب آدمی کے علاج کیلئے عمران خان نے مفت علاج کے دروازے کھول دیے ہیں، زرداری صاحب نے سب سے پہلے پاپڑ والے کی غربت ختم کی، زرداری صاحب ان سب کے استاد ہیں۔
شہباز گل نے کہا کہ لوگوں کے ذہن میں ان کی شکلیں بیٹھی ہیں کہ یہ کرپٹ ہیں، عمران خان سے خطرہ ہے اس لیے یہ اکٹھے ہوگئے ہیں، وزیر اعظم نے کئی سال پہلے کہہ دیا تھا یہ سب چور اکٹھے ہوں گے، یہ لوگ مل کر الیکشن لڑیں گے یا الیکشن میں ایک دوسرے کی مدد کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ پوری دنیا میں مہنگائی بڑھی ہے، لوگوں کی قوت خرید بھی اضافہ ہوا ہے۔