شاہد خاقان عباسی کا شاہ محمود قریشی کے بیان پر ردعمل

مسلم لیگ ن کے رہنما، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے شاہ محمود قریشی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کمرہ عدالت میں جائیں اور سوالات کے جواب دیں۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ قوم آپ کی تقریریں نہیں سننا چاہتی، عدالت کے اندر جائیں اور ثبوت دکھائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سازش کی افسانہ نگاری شاہ محمود قریشی کی نگرانی، سرپرستی اور سہولت کاری سے ہوئی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران نیازی اور ان کے حواریوں نے آئین توڑا، آئین کے خلاف بغاوت کا جرم کیا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ آرٹیکل 6 کے تحت سب کا ٹرائل ہو گا اور عبرت کا نشان بنائیں گے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرِ خارجہ، پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ ہم نے آئین شکنی نہیں کی، آئین کا حلف لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے وکلاء اپنے دلائل آج مکمل کر لیں گے، آرٹیکل 69 کی روح ہے کہ پارلیمنٹ کے معاملات پارلیمنٹ میں رہنے چاہئیں، اسپیکر کی رولنگ فائنل ہوتی ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھاکہ مشترکہ اپوزیشن کہہ رہی ہے کہ ڈپٹی اسپیکر نے آئین شکنی کی ہے، تحریکِ انصاف کا مؤقف ہے کہ اسپیکر کے پاس رولنگ کا مکمل اختیار ہے، آرٹیکل 69 نے اسپیکر کی رولنگ کو تحفظ دیا ہے، اسپیکر کی رولنگ قابلِ سماعت نہیں۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*