سعودی عرب کا سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر اظہار مذمت

سعودی عرب نے سوئیڈن میں چند شدت پسندوں کی جانب سے قرآن کریم کی بے حرمتی اور سوئیڈش عوام کو مسلمانوں کے خلاف اُکسانے کی شدید مذمت کی ہے۔

عرب نیوز کے مطابق سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے آج بروز پیر کو جاری کیے گئے بیان میں مکالمے، بقائے باہمی اور برداشت جیسی اقدار کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔ بیان میں نفرت، شدت پسندی اور قوموں کی بے دخلی کو بھی مسترد کیا گیا ہے۔

سعودی وزارتِ خارجہ کے مطابق فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے تمام مذاہب اور مقدس مقامات کی بے حرمتی کو روکنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو اُجاگر کیا ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز نے سوئیڈن کی مقامی نیوز ایجنسی ٹی ٹی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ دارالحکومت اسٹاک ہوم کے مضافاتی علاقے رنکیبی میں جمعہ کے روز ہارڈ لائن نامی سیاسی جماعت کے رہنما راسموس پلوڈن نے قرآن پاک کو نذر آتش کر دیا تھا۔

اِس انتہائی افسوسناک واقعے کے بعد کئی سوئیڈن کے کئی شہروں میں فسادات پھوٹ پڑے تھے۔ سوئیڈن کی وزیراعظم میگڈالینا اینڈرسن نے اِن پُرتشدد واقعات کی مذمت کی ہے۔

سوئیڈن کے شہر نارکوپنگ میں پُرتشدد مظاہروں کے دوران تین افراد پولیس کی فائرنگ کا نشانہ بنے ہیں۔ پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تینوں زخمیوں کا ہسپتال میں علاج جاری ہے۔

سوئیڈش پولیس کے بیان کے مطابق ان تینوں زخمی افراد کو شر انگیز کارروائیوں کے شبہے میں گرفتار کیا گیا ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*