وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں مجنوں آدمی ہوں میں نے اپنا قانونی حق تنخواہ اور مراعات نہیں لیں، سرکاری گاڑی میں پیٹرول بھی اپنی جیب سے ڈلواتا ہوں۔
جج اعجاز اعوان کی خصوصی عدالت میں وزیر اعظم شہباز شریف ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز اور سلمان شہباز سمیت دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت جج اعجاز اعوان نے وزیر اعظم شہباز شریف کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا آج باہر سیکیورٹی کے حالات ٹھیک ہیں، جس وکیل کا کہنا تھا کہ جی آج حالات ٹھیک ہیں۔
عدالت نے ایف آئی اے وکیل سے کہا کہ سلمان شہباز سمیت دیگر کی وارنٹ کی کیا رپورٹ آئی ہے، جس پر تحقیقاتی ادارے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وارنٹ کی رپورٹ جمع کرا دی گئی ہے ملزمان اپنے ایڈریس پر موجود نہیں تھے۔