بھارتی ریاست مدھیہ پردیش (ایم پی) کی سابق وزیراعلیٰ اور بی جے پی رہنما اوما بھارتی نے شراب کی دکان پر توڑ پھوڑ کردی۔
خیال رہے کہ بھارت میں شراب کی فروخت کو قانونی تحفظ حاصل ہے تاہم اوما بھارتی کا شمار اس کے سخت مخالفین میں ہوتا ہے اور وہ کافی عرصے سے شراب پر پابندی کے لیے آواز اٹھارہی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گذشتہ روز اوما بھارتی بھوپال میں ایک شراب کی دکان میں داخل ہوگئیں جہاں انہوں نے ایک بڑا پتھر پوری قوت کے ساتھ شراب کی بوتلوں پر دے مارا۔واضح رہےکہ مدھیہ پردیش میں اس وقت بھی بی جے پی کی ہی حکومت ہے جہاں اوما شراب پر پابندی کے حق میں مہم چلا رہی ہیں۔
شراب کی دکان میں توڑ پھوڑ کی ویڈیو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے اوما بھارتی کا کہنا تھا کہ یہ مزدوروں کا علاقہ ہے جہاں شراب کی دکان کھول دی گئی ہے جس سے علاقے کی خواتین کے لیے بہت سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں، قریب ہی اسکول بھی موجود ہیں، مندر بھی ہیں، یہاں مزدور اپنی ساری کمائی لٹادیتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے بارہا یہاں دکان بند کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن اس پر عمل نہیں کیا، انتظامیہ کو ایک ہفتے کے اندر دکان بند کرنے کی وارننگ دے رہی ہوں۔
دوسری جانب بھوپال پولیس کمشنر کا کہنا ہے کہ دکان میں توڑ پھوڑ کرنے پر اوما بھارتی کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا اور نہ ہی ان کے خلاف کسی نے رپورٹ درج کرائی ہے۔