
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو لے جانے والے ہیلی کاپٹر نے ہنگامی لینڈنگ کی ہے۔ ایرانی وزیر داخلہ نے بتایا ہے کہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ہیلی کاپٹر کی ہنگامی لینڈنگ کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہوئی۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق صدر رئیسی آذربائیجان کا دورہ کر رہے تھے۔ صدر ابراہیم رئیسی آذربائیجان کے ساتھ ایران کی سرحد پر ڈیم کا افتتاح کرکے واپس آرہے تھے۔
دوسری جانب روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی خیریت سے ہیں۔ گاڑیوں کے قافلے میں تبریز روانہ ہوگئے۔
ایک ہیلی کاپٹر نے ہارڈ لینڈنگ کی، سرچ آپریشن جاری ہے، ایرانی وزیر داخلہ
ایرانی وزیر داخلہ احمد واحدی نے اپنے بیان میں کہا کہ مشرقی آذربائیجان صوبے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ خراب موسم کے باعث آپریشن میں مشکلات ہیں۔
ایرانی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ خراب موسم کی وجہ سے صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر نے ہارڈ لینڈنگ کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر اور ان کا وفد متعدد ہیلی کاپٹروں میں سوار تھا۔موسم کی خرابی کی وجہ سے ایک ہیلی کاپٹر نے ہارڈ لینڈنگ کی۔
احمد واحدی کے مطابق دشوار گزار علاقے کی وجہ سے ہیلی کاپٹر تک پہنچنے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے، صدر کے ساتھیوں کے ساتھ رابطے میں ہیں لیکن کچھ مواصلاتی مشکلات ہیں۔
ہیلی کاپٹر میں کون کون سوار تھا؟
سرکاری میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر میں وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان، مشرقی آذربائیجان کے گورنر ملک رحمتی اور صوبے میں ایرانی صدر کے نمائندے آیت اللّٰہ محمد علی بھی سوار تھے