اپنی فوج یوکرین نہیں بھیجیں گے: صدر جو بائیڈن

روس کے یوکرین پر حملے کے حوالے سے امریکی صدر جو بائیڈن نے اعلان کیا ہے کہ امریکا اپنی فوج یوکرین نہیں بھیجے گا۔

یہ بات امریکا کے صدر جو بائیڈن نے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ ہم نیٹو کے ایک ایک انچ کا مکمل طاقت سےدفاع کریں گے۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے مزید کہا ہے کہ ہم یوکرین میں روس سے جنگ نہیں کریں گے۔

’’نیٹو روس تصادم سے تیسری عالمی جنگ ہو گی‘‘

انہوں نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیٹو اور روس کے درمیان براہِ راست تصادم کے نتیجے میں تیسری عالمی جنگ ہو گی۔

اس سے پہلے جو بائیڈن نے کیا کہا تھا؟
امریکی صدر جو بائیڈن نے گزشتہ بیان میں امریکا اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے روس کے خلاف مشترکہ اقدام کا اعلان کرنے کا کہا تھا۔

’’امریکا ردِعمل دے گا، خواہ عالمی جنگ کیوں نہ شروع ہو‘‘

جو بائیڈن نے خبردار کیا تھا کہ اگر روس کے کسی اقدام سے نیٹو کو خطرہ لاحق ہوا تو امریکا ردِعمل دے گا، خواہ اس سے عالمی جنگ ہی کیوں نہ شروع ہو جائے۔

تاہم اب انہوں نے اعلان کرتے ہوئے کہہ دیا ہے کہ امریکا اپنی فوج یوکرین نہیں بھیجے گا ۔

امریکا کی روس پر مزید پابندیاں

اس سے قبل صدر جو بائیڈن نے کہا تھا کہ امریکا روس کے سی فوڈ اور ڈائمنڈز سمیت دیگر اشیاء پر پابندی لگائے گا۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہماری پابندیاں، برآمدی کنٹرول اور روسی معیشت کو کچل رہی ہیں۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ روس کو لگژری سامان کی برآمد پر بھی پابندی لگا رہے ہیں۔

جو بائیڈن نے یہ بھی کہا تھا کہ روس نے اگر یوکرین میں کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا تو اسے بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔

پسندیدہ ملک کا درجہ ختم
وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا تھا کہ کہ واشنگٹن روس کو حاصل سب سے پسندیدہ ملک (موسٹ فیوریٹ نیشن) کا درجہ ختم کر رہا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے بیان میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ امریکا اور جی سیون ممالک اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ روس آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے ملٹی لیول فنانسنگ نہ لے سکے۔

جنگ میں یوکرینی شہریوں کی ہلاکتیں 564 ہو گئیں
دوسری جانب اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ یوکرین میں روسی فوج کی کارروائیوں کے دوران مارے گئے شہریوں کی تعداد 564 ہو گئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ یوکرینی ہلاک شہریوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں جبکہ ہلاکتوں کی اصل تعداد اس سے بھی کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔

یورپی یونین نے پابندیاں بڑھا دیں
یورپی یونین نے بھی ماسکو پر پابندیوں کا دائرہ مزید بڑھانے کا اعلان کر دیا ہے۔

یوٹیوب نے کیا پابندی لگائی؟
انٹرنیٹ پر ویڈیو شیئر کرنے والے سب سے بڑے پلیٹ فارم یوٹیوب نے روس کے سرکاری میڈیا چینلز فوری طور پر بلاک کر دیے ہیں۔

روس کا بیلاروس کو اسلحہ دینے کا فیصلہ
یوکرین پر جنگ مسلط کرنے والے ملک روس نے اپنے اتحادی ملک بیلاروس کو جدید ترین اسلحہ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*