اداکارہ اشنا شاہ اور ابھرتی ہوئی اداکارہ دنانیر مبین نے عوامی مقامات پر خواتین مداحوں کے بغیر اجازت چھونے پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔
اشنا نے ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا اور حال ہی میں ایک شاپنگ مال میں پیش آئے واقعے کا ذکر کیا۔
انہوں نے لکھا کہ ایک اجنبی خاتون نے ان سے ملنے کے لیے ان کے بالوں کو چھُوا جس سے ان کا پورا دن خراب ہوگیا اور اس بات کا اندازہ یقیناً ان خاتون کو نہیں ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ اگر وہ آنٹی ان کے چہرے کو چھُوتیں تو یقینی طور پر ان کا پورا ہفتہ خراب ہوجاتا۔
اشنا نے سوشل میڈیا صارفین سے سوال کیا کہ کیا کسی اور کو بھی ایسا لگتا ہے کہ کوئی بھی ایسا کرے تو اسے ’بدتمیزی‘ شمار کیا جائے؟ یا یہ صرف میرا خیال ہے۔اشنا کی پوسٹ پر جہاں متعدد صارفین نے تبصرے کرتے ہوئے ان کی بات سے اتفاق کیا وہیں پارٹی گرل اور اداکارہ دنانیر نے بھی اس حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں اس سے بالکل اتفاق کرتی ہوں اور یہ میرے ساتھ بھی ہوا ہے۔
دنانیر نے کہا کہ اس وقت ناگوار صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب خواتین بغیر اجازت گلے ملتی ہیں اور پھر کمر پر ہاتھ پھیرتی ہیں، کیا یہ لوگ میری پیمائش لینے کی کوشش کررہی ہوتی ہیں؟داکارہ نے مزید کہا کہ یہ انتہائی غیر مناسب ہے، برائے مہربانی اس حوالے سے آگاہی مہم چلانی چاہیے کہ لوگوں کی پرائیویسی کا خیال رکھا کریں، پھر چاہے وہ کوئی سلیبریٹی ہو یا عام شخص۔واضح رہے کہ کچھ روز قبل اداکارہ مہوش حیات کے ساتھ بھی ایسا واقعہ پیش آیا جہاں ایک مداح تصویر لینے کے لیے ان کی کمر پر ہاتھ رکھنے لگا تھا لیکن مہوش کے ساتھ کھڑے ان کے دوست نے مداح کا ہاتھ پکڑ کر پیچھے کردیا جس پر ردعمل دیتے ہوئے مہوش نے اس قسم کے واقعات کے خلاف آواز بلند کی تھی۔