ملتان میں نشتر اسپتال کی چھت سے درجنوں لاشیں ملنے کا انکشاف ہوا ہے۔ وزیراعلٰی پنجاب نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر ملتان میں نشتر اسپتال کی چھت سے درجنوں لاوارث لاشیں ملی ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے خبر منظر عام پر آنے کے بعد واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملتان میں نشتر اسپتال کے ڈیڈ ہاؤس کے چھت پر درجنوں لاوارث لاشیں پائی گئیں۔ حکومتی سطح پر لاشوں کی تعداد کے حوالے تاحال ابھی تک کوئی وضاحت نہیں کی گئی ہے۔

وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے نشتر اسپتال کی چھت پر لاوارث لاشیں رکھنے کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی سیکرٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ لاشیں چھت پر پھینک کر غیر انسانی فعل کا ارتکاب کیا گیا ہے، ذمہ دار عملے کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے۔

سیکرٹری ہیلتھ ساؤتھ پنجاب نے معاملے کی انکوائری کے لیے 6 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، کمیٹی 3 روز میں اپنی رپورٹ سیکرٹری ہیلتھ ساؤتھ کو پیش کرے گی۔ وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی نے بھی 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے، کمیٹی تمام معلومات کے ساتھ اپنی رپورٹ وائس چانسلر کو پیش کرے گی۔

برطانوی خبررساں ادارے بی بی سی کی اردو سروس کی رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت کی ابتدائی تفتتیش میں بتایا گیا ہے کہ یہ نامعلوم افراد کی لاشیں تھیں جو مقامی پولیس نے میڈیکل سٹوڈنٹس کے تعلیمی مقاصد کے لیے نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے حوالے کی تھیں۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*