Qaumi Akhbar
Loading site
قومی اخبار
پیر 26  اگست 2019
LZ_SITE_TITLE
 
New World of Online News

پاکستان نے انگلینڈ کو ہراکر خطرے کی گھنٹی بجادی

قومی نیوز پیر 03 جون 2019
پاکستان نے انگلینڈ کو ہراکر خطرے کی گھنٹی بجادی

ناٹنگھم۔۔۔۔ ورلڈکپ کے چھٹے میچ میں پاکستان نے مشکل حریف انگلینڈ کو شکست دے کر مسلسل 11 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں شکستوں کا جمود توڑ دیا۔

پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 349 رنز کا ہدف دیا تاہم انگلینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 334 رنز بناسکی اور پاکستان یہ میچ 14 رنز سے جیت گیا۔

ناٹنگھم کے ٹرینٹ برج اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں انگلش کپتان این مورگن نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان 1992 کی تاریخ دہراسکتا ہے، وقاریونس

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان نے کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 82 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔ فخر زمان 36 رنز بنا کر معین علی کی گیند پر اسٹمپڈ ہوئے۔

پاکستان کو دوسرا نقصان 21 ویں اوور میں ہوا جب معین علی کی گیند پر کرس ووکس نے امام الحق کا شاندار کیچ پکڑ کر ان کی اننگز کا خاتمہ کیا، انہوں نے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کو تیسرا نقصان 199 کے مجموعے پر ہوا جب بابر اعظم معین علی کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، انہوں نے 63 رنز کی اچھی اننگز کھیلی۔

محمد حفیظ نے بھی 62 گیندوں پر 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 84 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ آصف علی 14 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔

کپتان سرفراز احمد نے 55 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، انہیں کرس ووکس نے اپنی ہی گیند پر کیچ آئوٹ کیا۔

پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 348 رنز اسکور کئے جب کہ انگلینڈ کی جانب سے معین علی نے تین، مارک ووڈ اور کرس ووکس نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

ایونٹ میں اب تک دونوں ٹیمیں اپنا ایک ایک میچ کھیل چکی ہیں جس میں انگلینڈ کو کامیابی اور پاکستان کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان کو ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز نے سات وکٹوں سے باآسانی شکست دی تھی، اس میچ میں پاکستان ٹیم میں تجربہ اور پاور ہٹنگ دونوں ہی کی کمی محسوس کی گئی تھی۔

(1175 بار دیکھا گیا)

تبصرے