Qaumi Akhbar
Loading site
قومی اخبار
بدھ 16 اکتوبر 2019
LZ_SITE_TITLE
 
New World of Online News

پی ایس ایل ... سج گئی سیج

قومی نیوز هفته 09 مارچ 2019
پی ایس ایل ... سج گئی سیج

کراچی میں پی ایس ایل کی سیج سج گئی جہاں کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ اداکاروں کا جوش وخروش بھی عروج پر ہے ۔پاکستان میں جہاں پی ایس ایل کے میچز عروج پر ہیں تو دوسری طرف فنکاروں اور اداکاروں کی دل کو چھولینے والی شرارتیں بھی دیکھنے میں آرہی ہیں۔پاکستان سپر لیگ میگا ایونٹ کی تمام تر تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں، مشہور و معروف شخصیات اس وقت اپنی ٹیم کو سپورٹ کررہی ہیں،

عوام بھی اس ایونٹ کا جوش و خروش سے انتظار کررہے ہیں۔پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں شوبز کا تڑکہ لگانے کے لئے اکثر معروف اداکارائوں اور ماڈلز کو مختلف فرنچائیزز نے اپنا سفیر بھی مقرر کیا ہے، ثنا جاید، ماہرہ خان، مایا علی اور دیگر اداکارائیں اکثر میچوں کے موقع پر اسٹیڈیم میں جوش و جذبہ بڑھاتے ہوئے نظر آرہی ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق صف اول کی اداکارائوں کے بعد اب مایہ ناز ماڈل ریچل خان بھی پی ایس ایل سیزن 4 میں اپنی پسندیدہ ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سپورٹ کررہی ہیں۔

پی ایس ایل سیزن 4 کا میلہ یو اے ای میں سجا ‘ پھر اس کا دوسرا مرحلہ شارجہ میں کھیلا گیاتھا۔ اس حوالے سے اداکارہ و ماڈل ریچل خان کا کہنا ہے کہ وہ بھی اپنی فیورٹ ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سپورٹ کررہی ہیں۔ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری و فلم کی خوبرو اداکارہ اور پشاور زلمی کی برانڈ ایمبیسڈر ماہرا خان نے پی ایس ایل کو انٹرنیشنل ایونٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے میچز اپنے وطن میں ہورہے ہیں تو اس سے اچھی بات اور کیا ہوگی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ماہرا خان نے کہا کہ پی ایس ایل گلیمر سے بھرپور ایک ایسا اسپورٹس ایونٹ بن چکا ہے جس سے عام لوگوں کے ساتھ ساتھ شوبز اسٹارز بھی لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سپر لیگ کی مقبولیت اس قدر بڑھ چکی ہے کہ دوسرے ممالک بھی اس کو کوریج دے رہے ہیں۔اسی طرح حریم فاروق کا کہنا تھا کہ میرے لیے یہ یقینا فخر کی بات تھی کہ میں نے اتنے بڑے پلیٹ فارم پر اپنے وطن پاکستان کی نمائندگی کی‘ وہ بھی ایک انٹرنیشنل گرائونڈ میں‘پی ایس ایل ہماری عظیم قوم کا سب سے بڑا اسپورٹس ایونٹ ہے، جو ہمیں قریب لائے گا اور بطور اداکار اور پروڈیو سر اور اس سے بڑھ کر ایک پاکستانی کی حیثیت سے اس ایونٹ کی میزبانی کسی اعزاز سے کم نہیں ہے۔ اس سے قبل گزشتہ برس حریم فاروق کو لاہور میں ہم ٹی وی ایوارڈ کی میزبانی کرنے پر خوب سراہا گیا تھا، حریم فاروق متعدد ایوارڈ یافتہ اسٹیج، ٹی وی اور فلم آرٹسٹ ہیں

ساتھ ہی ساتھ وہ فلم ’’جاناں‘‘ اور ’’پرچی‘‘ میں پروڈیوسر کے فرائض بھی انجام دے چکی ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دور حاضر کی سپر اسٹار اداکارہ مایا علی کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کے لئے مسلسل دوسری دفعہ ٹیم کا برانڈ ایمبیسڈر مقرر کیا ہے۔ اس کا اعلان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اونر ندیم عمر نے کیا تھا۔ خوبرو مایا علی کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دوسری بار جوش و جذبہ کے ساتھ خوش آمدید کہا ہے۔ مایا علی تمام تر مصروفیات کو ترک کرکے پی ایس ایل کے میچز میں شرکت کررہی ہیں۔جبکہ اداکارہ ثنا جاوید بھی پی ایس ایل سیزن فور میں پشاور زلمی کو سپورٹ کررہی ہیں۔ چیئرمین پشاور زلمی نے ثنا جاوید کو فرنچائز کاحصہ بننے پر خوش آمدید کا پیغام دیا ہے۔

ڈراماسیریل خانی، رومیو ہیر جیسے میگا ہٹ ڈراموں میں اداکاری سے لاکھوں دلوں میں گھر کرنے والی ثنا جاوید کا شمار اس وقت پاکستان کی مقبول ترین نوجوان اداکارائوں میں ہوتاہے۔دوسری جانب پاکستانی اداکاروں اور فنکاروں علی ظفر، ارمینا خان، فیصل قریشی، ماورا حسین ‘ عاطف اسلم، فواد خان، مومنہ مستحسن سمیت دیگر نے کہا ہے کہ کراچی میں پاکستان سپر لیگ کے میچز کا انعقاد اور امن کراچی کے لوگوں کی کامیابی ہے اور جو عناصر امن و امان اور تعمیری سرگرمیاں نہیں چاہتے ان عناصر کی شکست ہے ۔

اداکارائوں نے کہا کہ گزشتہ سال ہم نے ایک میچ مانگا تھا ، اس سال 8 میچ مل گئے ۔ گزشتہ سال پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں کامیابی کے ساتھ منعقد کیا گیا تھا۔ فنکاروں نے کہا کہ پی ایس ایل کے میچز دیکھنے کے لیے پاکستان اور بیرون ممالک سے آنے والوں کی سہولت کے لیے تمام ضروری اور مناسب انتظامات کیے گئے ہیں اور اسٹیڈیم کے اندر اور باہر لوگوں کو تمام سہولتیں فراہم کی گئی ہیں،

ہماری پوری کوشش ہوگی کہ پی سی بی کے ساتھ مل کر پی ایس ایل کے ایونٹ کو کامیاب بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی افواج کو اس بات کا کریڈٹ جاتا ہے کہ ان کی وجہ سے ایک بڑا ایونٹ ہونے جا رہا ہے ۔ کراچی میں پی ایس ایل کے آٹھ میچز کے انعقاد سے دنیا بھر میں ایک مثبت پیغام جائے گا۔ اداکارائوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کے آغازسے قبل ہی شہر کو بڑے پیمانے پر سجادیا گیا ہے ، کوئی بھی ٹیم جیتے ، جیت پاکستان کی ہو گی۔

(279 بار دیکھا گیا)

تبصرے