Qaumi Akhbar
Loading site
قومی اخبار
جمعه 18 اکتوبر 2019
LZ_SITE_TITLE
 
New World of Online News

سجاد علی کے فین ان کی آواز کے لئے بے چین

قومی نیوز هفته 02 مارچ 2019
سجاد علی کے فین ان کی آواز کے لئے بے چین

پاکستان میوزک انڈسٹری میں سجاد علی کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں، پاپ کے علاوہ دھیمے سروں میں بھی گا کرزبردست کامیابیاں سمیٹنے والے سجاد علی نئے گلوکاروں کے لئے ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں۔

سجاد علی گائیکی کے ساتھ ساتھ کمپوزنگ میں بھی یکساں مہارت رکھتے ہیں جس کا منہ بولتا ثبوت ان کے ہر گانے کی کامیابی ہے۔ حال ہی میں سجاد علی نے اپنی معروف ترین منقبت ’’ بولو علی علی ‘‘ کو ایک نیا انداز دیا جو سوشل میڈیا پر خاصا پسند کیا جا رہا ہے۔

سجاد علی نے اپنے آفیشل فیس بک پیج پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ان کے ساتھ کئی نوآموز چہروں کے علاوہ ان کی بیٹی زو علی بھی موجود ہیں۔ انہوں نے کیپشن میں بتایا کہ نیس کیفے بیسمنٹ کے گلوکار ان سے ملنے دبئی پہنچے جہاں یہ آؤٹ ڈور محفل سجائی گئی۔

اس مقبول ترین منقبت کوگاتے ہوئے سجاد علی خود ہارمونیم بجا رہے ہیں جبکہ ’’لیوٹوئنز‘‘ کے نام سے مشہور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے دو بھائیوں کے علاوہ دیگر بھی وائلن اور گٹار بجاتے ہوئے ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔

اپنے ایک انٹرویو میں معروف گلوکار سجاد علی نے کہا ہے کہ لوگ اچھا اور خالص میوزک سننا چاہتے ہیں مگر دور حاضر میں پاپ گلوکاری کو زیادہ اہمیت دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میوزک کی بنیاد پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی جو ہم سب کے لئے لمحہ فکریہ ہے ، حکومت کو دم توڑ تی میوزک انڈسٹری اور اس سے وابستہ گلوکاروں کی فلاح و بہبود کے لئے ہنگامی اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ گلوکار عزت سے زندگی گزار سکیں۔

گلوکار کا کہنا تھا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں لیکن اس ٹیلنٹ کو نکھارنے کے لئے نہ تو کوئی پلیٹ فارم ہے اور نا ہی کوئی تربیت لینے کو تیار ہے۔ بلکہ ہر کوئی راتوں رات اسٹار بننے کے چکر میں لگا ہوا ہے جس وجہ سے آج موسیقی زوال کا شکار ہے۔

یاد رہے کہ سجاد علی 24 اگست انیس سو چھیاسٹھ کو پیدا ہوئے اور کراچی کے نیشنل آرٹس کالج سے تعلیم حاصل کی، اداکاری اور ہدایتکاری کے میدان میں صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے سجاد علی نے اپنے چچا تصدق حسین سے کلاسیکی موسیقی کی تربیت حاصل کی۔

سجاد نے پاکستان ٹیلی ویژن کے بچوں کے لئے موسیقی کے پروگرام میں حصہ لیا اور 14 برس کی عمر میں کلاسیکی موسیقی کے پروگرام راگ رنگ میں پرفارم کیا،1993ء میں سجاد علی کے گانے’’بے بی آ‘‘ نے موسیقی کی دنیا میں تہلکہ مچا دیا۔

سجاد علی کے کئی سپرہٹ گانے اور البم شائقین کے پسندیدہ ہیں۔ جن میں ‘‘چیف صاب’’ ، ‘‘ابھی موڈ نہیں’’ ، ‘‘سوہنی لگ دی’’ شامل ہیں۔سجاد علی نے فلموں میں اداکاری اور ہدایتکاری کے جوہر بھی دکھائے۔ ‘‘لو لیٹر’’ ، ‘‘منڈا تیرا دیوانہ’’ ، ‘‘ایک اور لو سٹوری’’ میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

سجاد علی کی البمز بابیا، چیف صاب اور سوہنی لگدی کی مقبولیت آج بھی کم نہیں ہوئی، سجاد علی کا آخری البم 2018ء میں ریلیز ہوا تھا۔سجاد علی نے ہلکے انداز میں گا کر غزل گائیکی کو بھی نیا رنگ دیا۔ فلم ’بول‘ کے لئے گائے گانے’’ دن پریشان ہے ‘‘کو بہت پسند کیا گیا۔

(337 بار دیکھا گیا)

تبصرے