Qaumi Akhbar
Loading site
قومی اخبار
پیر 09 دسمبر 2019
LZ_SITE_TITLE
 
New World of Online News

قومی نیوز هفته 27 اکتوبر 2018

نشیمن ناز

شدید گرمی کے موسم سے سب ہی گھبراتے ہیں، خاص طور پر وہ خواتین جو صبح سے شام تک اپنے آپ کو تروتازہ رکھنا چاہتی ہیں، لیکن موسم کی شدت آڑے آتی ہے اور میک اپ بھی زیادہ دیر ساتھ نہیں دیتا، ایسی صورت میں خواتین کا پریشان ہونا لازمی امر ہے۔ حالاں کہ موسم سرما کے برعکس موسم گرما میں ہماری جلد قدرتی طور پر بہتر ہو جاتی ہے اور ہم خود کو اچھا محسوس کرتے ہیں، لیکن موسم گرما کے طویل اور گرم ترین دنوں میں موسم کی مناسبت سے اپنی جلد کی حفاظت ضروری ہوتی ہے، تاکہ گرمی میں جب میک اپ کیا جائے، تو وہ تادیر قائم رہے اور تازگی کا احساس ہو۔
موسم گرما میں آپ کی جلد کو زیادہ فطری اور قدرتی طور پر تر و تازہ نظر آنا چاہیے لیکن ہم میں سے بیش تر خواتین اس کے حصول میں ناکام ہو جاتی ہیں۔ اس کی ایک وجہ یہ ہوتی ہے کہ موسم کے ساتھ ہماری جلد بھی مختلف قسم کی تبدیلیوں کی زد میں آتی ہے اور اکثر خواتین جلد کی تبدیلیوں پر غور کیے بغیر اپنے پرانے بیوٹی روٹین پر عمل پیرا رہتی ہیں، یوں جلد کی صورت حال موسم کی مناسبت سے میل نہیں کھاتی اور خراب ہونے لگتی ہے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد کی حفاظت کا طریقہ تبدیل کریں۔ سب سے پہلے تو اپنی جلد کو تیز دھوپ سے بچانے کے لیے ’سن اسکرین‘ اور ’سن بلاک‘ کا استعمال کریں، تاکہ جلد خشک ہونے سے بچے اور جھریوں سے پاک رہے۔
عام طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ سن اسکرین اور سن بلاک ایک ہی طرح کام کرتے ہیں، لیکن ایسا نہیں ہے۔ سن اسکرین سورج کی ضرر رساں شعاعوں کو فلٹر کرتے ہیں اور انہیں جلد تک پہنچنے سے روک دیتے ہیں لیکن سن بلاک جلد کو زیادہ تحفظ فراہم کرتے ہیں۔ لہٰذا سورج کی الٹرا وائلٹ ریز سے جلد کو محفوظ رکھنے کے لیے گھر سے باہر نکلنے سے 15 منٹ پہلے چہرے اور جسم کے کھلے ہوئے حصوں پر سن بلاک کا استعمال کریں۔
حبس کے موسم میں بھی آپ کو اپنی جلد کی حفاظت کرنی چاہیے کیوں کہ بظاہر آسمان پر بادل چھائے ہوئے ہوں، لیکن گرمی اور حبس کی وجہ سے جلد اس وقت بھی متاثر ہوتی ہے۔ اس لیے سن بلاک کا استعمال ترک نہ کریں۔
ایک اضافی احتیاط یہ کریں کہ گھر سے باہر نکلنے سے قبل اپنی جلد کو موئسچرائز کرلیں اور موئسچرائزر کو لازمی طور پر واٹر بیسڈ ہونا چاہیے۔ دھوپ میں دن کا بڑا حصہ گزارنے کے بعد جلد کی دیکھ بھال کرنا اتنا ہی اہم ہے، جتنا کہ جلد جھلس جانے سے بچانے کے لیے سن بلاک یا سن اسکرین کا استعمال کرنا۔ گرمی کے موسم میں اپنی جلد کو نرم وملائم اورنم رکھنے کے لیے اپنے چہرے اور ہاتھوں پر کسی اچھے موئسچرائزر کا روزانہ استعمال ضروری ہے۔ جلد اگر صاف شفاف اور شگفتہ ہوگی، تو تازگی کا احساس بھی ہوگا اور ایسی جلد پر کیا جانے والا میک اپ بھی فطری تاثر دے گی۔

(252 بار دیکھا گیا)

تبصرے